Wednesday, December 29, 2021

کورونا کی نئی لہر ؛ سعودی عرب کا مملکت میں نئی پابندیوں کا اعلان

 

کورونا کی نئی لہر ؛ سعودی عرب کا مملکت میں نئی پابندیوں کا اعلان

30 دسمبر بروز جمعرات صبح 7:00 بجے سے تمام اندرونی و بیرونی تقریبات اور سرگرمیوں میں ماسک پہننا اور سماجی فاصلے پر عمل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا

   بدھ 29 دسمبر 2021 manahil2080

کورونا کی نئی لہر ؛ سعودی عرب کا مملکت میں نئی پابندیوں کا اعلان
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 دسمبر 2021ء ) خطے میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے باعث سعودی عرب نے مملکت میں نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ، 30 دسمبر بروز جمعرات صبح 7:00 بجے سے تمام اندرونی اور بیرونی تقریبات اور سرگرمیوں میں ماسک پہننا اور سماجی دوری کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملک کے محکمہ صحت کے حکام نے یہ فیصلہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے اور وائرس کے لیے نئے تغیرات کے رونما ہونے کی وجہ سے کیا ہے ، تمام طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات مقامی و عالمی صورتحال کی بنیاد پر مسلسل جانچ کے تابع ہیں ، موجودہ صورتحال میں سعودی عرب میں مقیم لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ نئے پروٹوکول پر عمل کریں تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر قانونی سزاؤں کا سامنا نہ کریں۔

TAP TO UNMUTE
Advertisement

قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے مملکت میں کورونا کی تازہ قسم اومی کرون کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا ، اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے نئے کورونا وائرس سے متعلق پریس ‏کانفرنس کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں اومی کرون کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ ‏مرحلے میں اومی کرون سے متاثرین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے ، اس وقت مملکت میں اومی کرون سے متاثرہ افراد کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے لہذا نئی ‏لہر کا مقابلہ عزم اور حوصلے سے کرنا ہوگا ، اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے حفاظتی تدابیر کی پابندی ‏کی جائے اور بوسٹر ڈوز لگوائی جائے کیوں کہ وائرس کی نئی قسم کو روکنے کے لیے کورونا ویکسین کی ‏بوسٹر ڈوز لگوانا ضروری ہوگا۔

No comments:

Post a Comment