سعودیہ میں تیز رفتار کار دیوار توڑ کر مسجد میں داخل، 5 نمازی زخمی
جدہ: سعودی عرب میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر مسجد کی دیوار سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 5 نمازی شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جدہ میں واقع مسجد العمار کی دیوار سے ایک کار ٹکرانے سے ملبہ نمازیوں پر گر گیا۔ کار کا اگلا حصہ دیوار توڑ کر صفوں تک پہنچ گیا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کے ساتھ ہر طرف گرد و غبار پھیل گیا اور کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ دھول بیٹھنے کے بعد پتہ چلا کہ آواز دھماکے کی نہیں بلکہ کار ٹکرانے کی تھی۔
کار ڈرائیور نیپالی شہری تھا جو حادثے کے بعد سکتے میں آگیا۔ ڈرائیور اور 5 نمازیوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طبی امداد کے بعد ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔
No comments:
Post a Comment